اہم نکات
- احتجاج، پی ٹی آئی تذبذب کا شکار
- علی امین گنڈا پور کے وارنٹ منسوخ
- تحریک انصاف ارکان کی نااہلی
- پنجاب اسمبلی، تھپڑ چل گئے
پاکستان تحریک انصاف پانچ اگست کے احتجاج کے مقام کا اعلان نہ کرسکی۔ پی ٹی آئی احتجاج کی قیادت تحریک تحفظ آئین پاکستان کو دینے پر غور کررہی ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیٹوں سلمان اور قاسم کو تحریک انصاف کے پانچ اگست کے احتجاج میں شرکت سے روک دیا ہے۔عمران خان نے کہا ہے کہ احتجاجی تحریک پارٹی نے چلانی ہے جس کیلئے اسے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں علی امین گنڈا پور نے خود کو عدالت کے سامنے سرنڈر کردیا۔ جس کے بعد عدالت نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے ہیں۔ توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشرہ بی بی کے وکیل نے ایک اور گواہ پر جرح مکمل کرلی۔ کیس میں مجموعی طور پر 10 گواہان کے بیانات قلمبند ہو چکے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 9 مئی کے کیسز میں سزا پانیوالے تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری، رکن قومی اسمبلی احمد چٹھہ ، رکن قومی اسمبلی عبدالطیف چترالی اور رکن پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر کو نااہل قرار دے دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ان ارکان کی نشستیں خالی قرار دیدی ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رکن خالد نثار ڈوگر نے حکومتی رکن حسان ریاض کو تھپڑ ماردیا۔قائم مقام سپیکرظہیر اقبال نے خالد نثار ڈوگر کی رکنیت پنجاب اسمبلی اجلاس کی 15 نشستوں کیلئے معطل کر دی۔اپوزیشن رکن شیخ امتیاز محمود نے قائمقام سپیکر کی اتھارٹی کو چیلنج کیا جس پر انکی رکنیت بھی معطل کردی گئی۔
(بشکریہ: اصغرحیات۔ پاکستان)
____
جانئے کس طرح ایس بی ایس اردو کے مرکزی صفحے کو بُک مارک کریں ہر بدھ اور جمعہ کا پورا پروگرام اس لنک پرسنئے, اردو پرگرام سننے کے دیگر طریقے, “SBS Audio”کےنام سےموجود ہماری موبائیل ایپ ایپیل (آئی فون) یااینڈرائیڈ , ڈیوائیسزپرانسٹال کیجئے۔