مون سون سیزن کے دوران طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے پاکستان بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں کے باعث 26 جون سے 17 جولائی کے درمیان 178 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 491 زخمی رپورٹ ہوئے، جس میں 85 بچے بھی شامل ہیں۔
اُدھر کراچی میں کراچی (پاکستان) کا پہلا ایس ڈی جی پارک بن گیا ہے، پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کے حصول کے لیے کراچی میں قائم کیے گئے منفرد پارک میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے، وضو کے پانی کو ری سائیکل کرنے کے نظام کے علاوہ باغ، شہری جنگل اور پانی کا تالاب بھی بنایا گیا ہے۔
ملک بھر میں ہونے والی شدید بارشوں سے شہریوں کی املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے جبکہ زرعی اراضی بھی سیلابی ریلوں کی زد میں ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 16 سے 17 جولائی کے درمیان 54 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ اس دوران درجنوں واقعات میں 227 افراد زخمی بھی ہوئے۔

A collapsed house due to heavy monsoon rains, in Lahore, Pakistan, 16 July 2025. Source: EPA / RAHAT DAR/EPA
کراچی کے سسٹین ایبل ڈیولپمنٹس (ایس ڈی جی) گولز کے تحت بنائے جانے والے پارک میں پرندوں کی خوبصورت چہچاہٹ، گھنے درخت، درجہ حرارت میں نمایاں کمی یہاں آنے والوں کو اپنی طرف کھینچ لیتی ہے۔ پارک کے منتظم موسیٰ سعید کے مطابق ایس ڈی جی پارک کو ایک منظم سسٹم کے تحت بنایا گیا ہے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے 17 اہداف میں سے ہم نے 6 سے 7 کو حاصل کر لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پارک میں عام درختوں کے ساتھ پھلوں کے درخت بھی لگائے گئے ہیں، جس کے بعد مختلف نسلوں کے پرندے بھی اب اس کا رخ کر رہے ہیں۔
ایس بی ایس اردو کیلئے یہ رپورٹ پاکستان سے احسان خان نے پیش کی۔
_____