اہم نکات
- خیبرپختونخواہ سیاسی جوڑ توڑ کا مرکز
- پنجاب میں حکومت اپوزیشن بات چیت
- عمران خان سے جیل سہولیات واپس لے لی گئیں؟
- تحریک انصاف میں اختلافات پر انتباہ
خیبرپختونخواہ سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر انتخابات کے حوالے سے اپوزیشن جماعتیں پاکستان تحریک انصاف کو ٹف ٹائم دینے تیار ہیں۔ خیبرپختونخواہ میں اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ حکمت عملی کا اعلان آئندہ دو روز میں متوقع ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے خیبرپختونخواہ میں پی ٹی آئی کے اندر سے ہی تبدیلی لانے کا مطالبہ کردیا ہے۔ ادھر مخصوص نشستوں کی تقسیم سے متعلق فیصلہ جاری کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی درخواست منظور کرلی ہے۔
پنجاب میں حکومت اور اپوزیسن کے درمیان مذاکرات کے بعد صوبائی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کیس میں معطل 26 ارکان کیخلاف مزید کاروائی روک دی گئی ہے۔ دس معطل ارکان سے توڑ پھوڑ کرنے پر جرمانوں کی وصولی اور اپوزیشن کے مزید 9 چیئرمین تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عہدوں سے ہٹانے کی تحریک بھی روک دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسپیکر قومی اسمبلی کا ریفرنس منظور کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو نااہل قرار دے دیا ہے ۔جمشید دستی کو جعلی اسناد پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ ان سے جیل میں سہولیات واپس لے لی گئی ہیں۔عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ ان کے ٹی وی اور اخبارات بند کیے ہوئے ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے وضاحت کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں بی کلاس کی تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عمران خان کو جیل میں سائیکل، ایل ای ڈی، اخبارات اور ذاتی کتب کی سہولت دستیاب ہیں، وہ اپنا کھانا تیار کرنے کے لیے قیدی معاون بھی فراہم کیا گیا ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا ہے کہ پانچ اگست تک حکومت مخالف تحریک کو عروج پر لیجایا جائے گا۔اڈیالہ جیل میں قید بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی رہنماوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اختلافات کو ختم کرکے حکومت مخالف تحریک پر توجہ مرکوز کریں۔
(بشکریہ: اصغرحیات۔ پاکستان)
______________
“SBS Audio” کے نام سے موجود ہماری موبائیل ایپ ایپیل (آئی فون) یا اینڈرائیڈ , ڈیوائیسزپرانسٹال کیجئے۔
پوڈکاسٹ سننے کے لئے نیچے دئے اپنے پسندیدہ پوڈ کاسٹ پلیٹ فارم کا انتخاب کیجئے: Spotify Podcast , Apple Podcasts