متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والی ندا صالح نے اپنی محنت سے خوابوں کو حقیقت بنا لیا ہے، انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے شعبہ ٹرانسپورٹ انجینئرنگ میں تعلیم مکمل کرنے کے لاہور اورنج لائن میٹرو کو بطور خاتون ٹرین ڈرائیورجوائن کر لیا ہے۔ روایات کو شکست دینے والی باہمت ندا صالح کہتی ہیں کہ تعلیم سے فراغت کے بعد ہی سوچ لیا تھا ایسے شعبے کا انتخاب کروں گی جس میں خواتین جانے سے کتراتی ہوں، پاکستان کی پہلی خاتون ٹرین ڈرائیور نے نوجوان لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ یہ دور مصنوعی ذہانت کا ہے، لڑکیوں کو بھی چاہیے وہ ٹیکنیکل شعبہ جات کی طرف آئیں، پاکستان میں ڈاکٹری یا ٹیچنگ کے علاوہ بھی بے شمار ایسے شعبہ جات ہیں جہاں خواتین اپنی خدمات انجام دے سکتی ہیں۔
خیبرپختونخوا پولیس کے، کے9 تربیت یافتہ سراغ رساں کتے ’ڈیپ‘ اور ’کین‘ کو10 سالہ ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر کر دیا گیا ہے، دونوں کتوں نے صوبے میں درجنوں پولیس آپریشنز کے دوران کلیدی کردار ادا کیا، اس حوالے کے9 یونٹ کےانسپکٹر جہانزیب خان نے بتایا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ان ہیروز کو یونٹ میں ہی رکھا جائے گا، جہاں انہیں کھانا اور رہائش سمیت تمام ترسہولیات میسر ہوں گی، انسپکٹر جہانزیب خان کے مطابق ان کتوں کی اوسطا عمر 10 سے 12 سال ہوتی ہیں، ڈیپ اور کین کی عمریں بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے ان دونوں کتوں کی سونگھنے کی حس ختم ہو گئی ہے اور جسمانی طور پر بھی کمزور ہو گئے ہیں۔
ایس بی ایس اردو کیلئے یہ رپورٹ پاکستان سے احسان خان نے پیش کی۔
____