نواب شاہ (سندھ) کے رہائشی بصارت سے محروم طالب علم ہنس راج نے کراچی کے انٹرآرٹس گروپ میں عام طلبہ کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا ہے، بینائی سے محروم ہونے کے باوجود ہنس راج نے اپنی کمزوری کو رکاوٹ نہیں بننے دیا بلکہ ہمت اور حوصلے سے اسے اپنی طاقت میں بدل ڈالا، یہ کامیابی نہ صرف ان کی ذہانت اور قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے بلکہ اس بات کی بھی عکاسی کرتی ہے کہ اگر ارادے مضبوط ہوں تو کوئی رکاوٹ زندگی کو بامقصد بنانے اور منزل تک پہنچنے سے نہیں روک سکتی، انٹر بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے حوالے سے ہنس راج نے کہا کہ اعلیٰ ثانوی بورڈ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنا آسان نہیں تھا، اس کے پیچھے، محنت ، کوشش اور بہت ساری دعائیں شامل تھیں۔
ملک میں خواجہ سرا برادری اپنی روزمرہ زندگی میں بے شمار مسائل سے دوچار ہے، جس کے باعث انہیں تعلیم، روزگار اور صحت جیسی بنیادی سہولتوں تک رسائی میں شدید دشواری پیش آتی ہے، عام ملازمتوں کے دروازے ان پر بند ہونے کے باعث زیادہ تر خواجہ سرا سڑکوں پر بھیک مانگنے یا نامناسب پیشوں کی طرف جانا پڑتا ہے، کمیونٹی کی انہی مشکلات کو دیکھتے ہوئے سندھ (پاکستان) کے خواجہ سراؤں میں سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں، اقدام کا مقصد خواجہ سراؤں کو ہنر مند بنانا ہے تاکہ وہ بھیک اور دیگر نامناسب کاموں سے چھٹاکارا حاصل کر کے باعزت زندگی گزار سکیں، سلائی مشین کے حصول کے لیے آنے والے ایک خواجہ سرا مونی بٹ نے ہمیں بتایا کہ وہ نہ صرف حافظ قرآن ہے بلکہ انہوں نے یونیورسٹی سے بیچلرز کی ڈگری بھی حاصل کر رکھی ہے، لیکن ٹرانس جینڈر ہونے کے باعث انہیں جگہ جگہ امتیازی رویے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
(ایس بی ایس اردو کے لیے یہ رپورٹ پاکستان سے احسان خان نے پیش کی۔)
___
جانئے کس طرح ایس بی ایس اردو کے مرکزی صفحے کو بُک مارک کریں ہر بدھ اور جمعہ کا پورا پروگرام اس لنک پرسنئے, اردو پرگرام سننے کے دیگر طریقے, “SBS Audio”کےنام سےموجود ہماری موبائیل ایپ ایپیل (آئی فون) یااینڈرائیڈ , ڈیوائیسزپرانسٹال کیجئے۔