تھائی لینڈ میں منعقدہ 57ویں ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کے صوبے پنجاب کے شہر ملتان میں پنکچر کی دکان چلانے والے مزدور نے گولڈ میڈل جیت کر سب کو حیران کر دیا ہے، اُدھر حکومت پاکستان نے قومی ہاکی ٹیم کی ایف آئی ایچ پرو لیگ 26-2025 میں شمولیت کے لیے 25 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دے دی ہے۔
پاکستانی باڈی بلڈرز نے ایشیئن چمپیئن شپ میں پہلی مرتبہ مختلف کیٹیگریز میں 5 گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی ہے، تھائی لینڈ میں منعقدہ 57ویں ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کے فیضان گل نے اسپورٹس فزیک، شکیل احمد نے 182 سینٹی میٹر، بلال احمد نے 180 سینٹی میٹر اور 51 سالہ اعجاز احمد نے ماسٹر کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیتا۔ پنکچر کی دکان چلانے والے چیمیئن باڈی بلڈر فراست علی نے کہا ہے کہ میری کامیابی کی وجہ انتھک محنت، ہمت نہ ہارنے کا جذبہ، لگن اور میری جستجو ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کو منظور شدہ رقم ایف آئی ایچ پرو لیگ 26-2025 میں قومی ٹیم کی شرکت کے اخراجات کے لیے فراہم کی جائے گی، جب کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے بھی پاکستان ہاکی ٹیم کی پرو لیگ میں شرکت کی تصدیق کردی ہے۔ ایف آئی ایچ نے اپنے بیان میں بتایا کہ پرو لیگ سے نیوزی لینڈ کی دستبرداری کے بعد پاکستان کو حصہ بنایا گیا ہے، لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں پاکستان سمیت 9 ٹیمیں اِن ایکشن ہوں گی۔
(رپورٹ: احسان خان)
_____