معاشرے میں علم کی شمع روشن کرنے کا خواب سجائے کراچی کے ایک استاد ذیشان احمد نے خانہ بدوش بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کا مشن سنبھال لیا ہے اُدھر ماضی کی معروف اداکارہ عائشہ خان کراچی میں 77 سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔مزید جانئے اس پوڈ کاسٹ میں۔
نوجوان ذیشان احمد مختلف شاہراؤں پر بھیک مانگنے والے خانہ بدوش بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرتے ہیں، ذیشان احمد کے مطابق ابتدا میں بچوں کے والدین نے ان کی تعلیم حاصل کرنے پر مزاحمت کی تھی تاہم بچوں کی والدین اب تعاون کر رہے ہیں۔ مفت میں تعلیم فراہم کرنے والے استاد ذیشان احمد کا کہنا ہے کہ ہر معاملے کو حکومت پر نہیں چھوڑنا چاہیے کچھ زمہ داریاں ہماری اپنی بھی ہیں، جو تعلیم ہم نے حاصل کی ہے ضروری ہے کہ اس علم کو آگے منتقل کریں.
ذیشان نے بتایا کہ ان کے پاس مفت تعلیم حاصل کرنے والے بچوں میں سے اکثریت ہندو مذہب سے تعلق رکھتی ہے لیکن ہم مذہب سے بالاتر ہو کر انھیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہے ہیں۔

ادکارہ عائشہ خان کے انتقال کی خبر اس وقت سامنے آئی جب ان کی موت کے ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد لاش سے تعفن اٹھنے لگا تھا۔ پولیس کے مطابق اداکارہ کے پڑوسیوں کی جانب سے بدبو کی شکایت پران کے فلیٹ کا دروازہ توڑا گیا تو ایک بیڈ روم سے ان کی لاش برآمد ہوئی، عاشہ خان نے مبارک ہو بیٹی ہوئی ہے، تیری رضا، میری گڑیا، افشاں، عروسہ، فیملی 93، نقاب زن، مہندی سمیت دیگر کئی مقبول ڈراموں میں شاندار ادکاری سے خوب شہرت حاصل کی تھی، عائشہ خان کے بھانجے عدنان کے مطابق اداکارہ 1980 سے اسی فلیٹ میں رہائش پذیر تھیں۔
ایس بی ایس اردو کیلیے یہ رپورٹ پاکستان سے احسان خان نے پیش کی





