فلنڈرز آئی لینڈ پر واقع وائبلینا تسمانیہ کےایب اوریجنیل لوگوں کے لیے ایک مقدس اور دکھ بھرا مقام ہے۔ یہ وہ جگہ ہے ایب اوریجنل قبیلے کے آبا و اجداد کو "بلیک وار" کے بعد جلاوطن کیا گیا تھا۔ برینڈن براؤن، جنہیں ان کی برادری میں "بَک" کے نام سے جانا جاتا ہے کہتے ہیں کہ ان کے بزرگوں سے وعدے کیے گئے تھے کہ اگر وہ یہاں منتقل ہو جائیں گے تو انہیں اپنے وطن واپس جانے کی آذادی ہوگی لیکن یہ وعدے کبھی پورے نہ ہوئے۔
اس مقام سے جڑی یادیں، روحانی تجربات اور دکھ کی فضا قبیلے کی موجودہ نسل کو ہر بار یہاں کھینچ لاتی ہے جہاں ان کے بزرگ ٹوٹے دل کے ساتھ دنیا سے رخصت ہوئے۔
1990 کی دہائی میں مقامی برادری کے ایک احتجاجی دھرنے کے نتیجے میں وائبلینا کی زمین ابورجنی لوگوں کے حوالے کی گئی۔ تب سے تسمانیہ کی Aboriginal Land Council اس جگہ کی نگرانی کر رہی ہے، جہاں حالیہ برسوں میں اسے مقامی افراد کے لیے زیادہ قابل رسائی اور آرام دہ بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ آرکیٹیکٹ میٹ ہِنڈز اور مقامی نوجوانوں نے اس منصوبے میں حصہ لیا تاکہ نہ صرف بزرگوں کے لیے یہاں روحانی سکون حاصل کرنے کی سہولیات میسر ہوں بلکہ نوجوان نسل بھی اس مقام کی اہمیت کو سمجھے۔
اگرچہ وائبلینا دکھ اور نسل کشی کی ایک تلخ علامت ہے، لیکن یہ بقا کی کہانی بھی سناتی ہے۔ یہاں 107 مصدقہ قبریں موجود ہیں، جبکہ مزید بے نشان قبروں کا بھی اندازہ ہے۔ اس جگہ پر ثقافتی سرگرمیوں، سچائی بیان کرنے اور نئی نسل کی تربیت کے لیے کام ہو رہا ہے۔ مقامی کمیونٹی نے NAIDOC ہفتے کی تقریبات بھی یہیں منعقد کیں تاکہ اس مقام کو فخر، یکجہتی اور مستقبل کے خوابوں کی علامت بنایا جا سکے۔ سچ بیان کرنے کا یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے، جس کا مقصد نہ صرف ماضی کی پہچان ہے بلکہ ایک مضبوط اور باوقار مستقبل کی تعمیر بھی ہے۔
_____