ماہرین کہتے ہیں کہ اکثر تارکین وطن خواتین خاندانی ذمہ داریوں، سماجی تصورات اور اپنی ضروریات کو پسِ پشت ڈالنے کی عادت کی وجہ سے جسمانی سرگرمیوں سے دور رہتی ہیں ماہرِ نفسیات شگفتہ عالم کے مطابق جنوبی ایشیائی اور تارکین وطن خواتین اکثر اپنی صحت کو ترجیح نہیں دیتیں جبکہ روزانہ 15 سے 20 منٹ کی چہل قدمی جسمانی صحت، ذہنی سکون اور بہتر معیارِ زندگی کے لیے نہایت مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔وہ بتاتی ہیں کہ اپنا خیال رکھنا خودغرضی نہیں، صحت مند زندگی کی ضرورت ہے
ماہرِ نفسیات شگفتہ عالم کا کہنا ہے کہ ہماری ثقافت میں خواتین نے عموماً اپنے بڑوں کو ورزش یا باقاعدہ چہل قدمی کرتے نہیں دیکھا، اسی لیے جسمانی سرگرمی کو اکثر ضروری نہیں سمجھا جاتا۔ ان کے مطابق بہت سی خواتین اپنی تمام توانائیاں خاندان پر صرف کرتی ہیں جبکہ اپنی صحت اور فلاح و بہبود کو نظر انداز کر دیتی ہیں۔
شگفتہ عالم کہتی ہیں کہ تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ روزانہ صرف 15 سے 20 منٹ کی واک مزاج کو بہتر بنانے، ذہنی دباؤ کم کرنے اور جسمانی توانائی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ان کے مطابق خواتین اگر اپنے دن کا ایک مختصر حصہ صرف اپنے لیے مختص کر لیں تو اس کے مثبت نتائج جلد سامنے آ سکتے ہیں۔
شگفتہ عالم کے مطابق خواتین کو متحرک زندگی اختیار کرنے میں خاندان اور کمیونٹی کا کردار انتہائی اہم ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ اگر گھر کے افراد مل کر چہل قدمی کو روزمرہ معمول بنائیں اور مقامی سطح پر واکنگ گروپس قائم کیے جائیں تو خواتین کے لیے صحت مند طرزِ زندگی اپنانا زیادہ آسان اور پائیدار ہو سکتا ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ جسمانی طور پر متحرک رہنا نہ صرف ذہنی دباؤ کم کرتا ہے بلکہ بے چینی کی علامات میں کمی لانے اور کئی دائمی بیماریوں کے خطرات کو بھی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے
۔NSW HEALTH - Multicultural Health Week (31 August – 6 September 2026)





