آسٹریلیا بھر میں پھیلے چھوٹے مائننگ ٹاؤنز میں زندگی بڑے شہروں سے یکسر مختلف ہوتی ہے۔ اسی سلسلے کی پہلی قسط میں ہم نے محمد احسن خان سے بات کی، جو گزشتہ 11 برس سے کوئنزلینڈ کے مائننگ ٹاؤن مورنبا میں مقیم ہیں۔ احسن نے میلبورن جیسے بڑے شہر اور ایک دور دراز مائننگ ٹاؤن کی زندگی کا تقابلی جائزہ پیش کیا، ساتھ ہی FIFO طرز زندگی، مقامی کمیونٹی اور روزمرہ درپیش چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی۔
محمد احسن خان کے مطابق مورنبا برسبین سے تقریباً 1200 کلومیٹر اندرون ملک واقع ہے اور مکمل طور پر ایک کوئلے کی کان کنی پر مبنی قصبہ ہے، جہاں کی آبادی ساڑھے 8 سے 9 ہزار کے قریب ہے اور تقریباً 80 فیصد رہائشی مائنز میں کام کرتے ہیں، جن میں سے بیشتر FIFO یعنی fly-in fly-out بنیاد پر ملازمت کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میلبورن جیسے بڑے شہروں کے مقابلے میں یہاں طبی سہولیات، تعلیمی معیار اور روزمرہ ضروریات کے لیے اکثر قریبی شہر Mackay، جو 200 کلومیٹر دور ہے، کا رخ کرنا پڑتا ہے، خاص طور پر بچوں کی خصوصی طبی نگہداشت یا اعلیٰ تعلیم کے لیے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ لوگوں کے مائننگ ٹاؤنز کا رخ کرنے کی سب سے بڑی وجہ بہتر تنخواہ ہے، جہاں شہروں کے مقابلے میں ایک لاکھ ڈالر تک کا فرق پڑ سکتا ہے، اس کے علاوہ lifestyle rosters بھی خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
احسن نے بتایا کہ گیارہ سال کے دوران انہوں نے وہاں ایک مضبوط پاکستانی کمیونٹی تشکیل دی ہے جس میں اب 10 سے 11 خاندان شامل ہیں، جو عید، بقرعید اور دیگر مواقع پر اکٹھے مناتے ہیں، جبکہ بڑے شہروں کا رخ وہ زیادہ تر طبی ضروریات یا بیرون ملک سفر کے لیے ہی کرتے ہیں۔





