آٹوموٹو انڈسٹری سے وابستہ بلال حسن نے بتایا کہ آسٹریلیا میں گاڑی کی سروسنگ اور لاگ بک کی دیکھ بھال کیوں پاکستان کے مقابلے میں کہیں زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔
گزشتہ پانچ سال سے آٹوموٹو انڈسٹری سے وابستہ بلال حسن نے SBS سے گفتگو میں بتایا کہ آسٹریلیا میں گاڑی کی سروسنگ کے دوران مکمل معائنہ کیا جاتا ہے، جبکہ پاکستان میں عموماً صرف آئل تبدیل کر دیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سروس پر ٹائرز کی جانچ اور ان کی گردش (روٹیشن) بھی کی جاتی ہے تاکہ چاروں ٹائرز یکساں طور پر گھسیں۔ بلال حسن نے بتایا کہ یورپی گاڑیوں کی سروس عموماً دس ہزار کلومیٹر پر جبکہ ٹویوٹا کی پیٹرول گاڑیوں کی سروس پندرہ ہزار کلومیٹر یا بارہ ماہ کے وقفے سے تجویز کی جاتی ہے۔ انہوں نے لاگ بک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ نہ صرف گاڑی کا مکمل ریکارڈ فراہم کرتی ہے بلکہ اس سے گاڑی کی دوبارہ فروخت کی قیمت میں بھی بہتری آتی ہے۔ ان کے مطابق لاگ بک کسی بھی مستند مکینک کے ذریعے مینٹین کروائی جا سکتی ہے، ضروری نہیں کہ یہ کام صرف ڈیلرشپ سے ہی کرایا جائے۔ بلال حسن نے مشورہ دیا کہ گاڑی خریدتے وقت اس کی لاگ بک کی موجودگی اور دیکھ بھال کا جائزہ ضرور لینا چاہیے، کیونکہ اس سے گاڑی میں مستقبل میں مسائل پیدا ہونے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔





