فیئر ورک کمیشن نے ڈیلیوری اور رائیڈ شیئر ورکرز کے لیے 31 اعشاریہ 30 ڈالر فی گھنٹہ کم از کم اجرت اور لازمی انشورنس کا اعلان کر دیا۔ ٹرانسپورٹ ورکرز یونین نے اسے صنعت کے لیے تاریخی قرار دیا، جبکہ سڈنی میں تین سال سے ڈیلیوری کرنے والے مظہر قادر نے فیصلے کو خوش آئند کہتے ہوئے کئی پہلوؤں پر مزید وضاحت کا مطالبہ کیا۔
فیئر ورک کمیشن کے نئے فیصلے کے تحت گِگ اکانومی سے وابستہ ڈیلیوری رائیڈرز اور ڈرائیورز کو پہلی بار کم از کم اجرت کا تحفظ حاصل ہوگا، جس کی شرح 31 اعشاریہ 30 ڈالر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ تمام رائیڈ شیئر ورکرز کے لیے انشورنس کوریج بھی لازمی قرار دی گئی ہے تاکہ کام کے دوران چوٹ یا حادثے کی صورت میں ان کا بروقت علاج ممکن ہو سکے۔ ٹرانسپورٹ ورکرز یونین کی نیشنل اسسٹنٹ سیکرٹری ایملی میکملن نے اس فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہزاروں رائیڈرز اور ڈرائیورز کے لیے تنازعات کے حل اور کام کی تقسیم میں شفافیت کی جانب اہم پہلا قدم ہے۔ دوسری جانب سڈنی میں گزشتہ تین برس سے ڈیلیوری کے کام سے وابستہ مظہر قادر کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ خوش آئند ضرور ہے مگر انتظار کے اوقات میں معاوضے جیسے کئی پہلو ابھی بھی مبہم ہیں اور ان پر مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔





