پنجاب اور سندھ حکومتوں کے درمیان سیلاب متاثرین کی امداد کے معاملے پر شروع ہونیوالا تناو شدت اختیار کرگیا ہے۔ بات لفظی گولہ باری سے بڑھ کر ایوان سے بائیکاٹ تک آگئی ہے۔

پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاسوں کا بائیکاٹ جاری رکھا ہے اور مریم نواز سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیراطلاعات پنجاب اعظمی بخاری نے کسی قسم کی معافی کے امکان کو رد کردیا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے دونوں حکومتوں کے درمیان تناو کم کرنے کیلئے وفاقی وزیر داخلہ کو کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے اس معاملے کو ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی نورا کشتی قرار دیا ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی سنجیدہ ہے تو ہمارے ساتھ مل کر عدم اعتماد لے آئے۔
جی ایچ کیو حملہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان نے عدالت میں پیش ہونے سے انکار کر دیا۔ عدالت کی جانب سے عمران خان کو پیش ہونے کے لیے تین بار پیغام بھیجا گیا۔ جیل انتظامیہ نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان نے پیش ہونے سے انکار کر دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ طبیعت ناساز ہے۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 20 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پرتشدد مظاہروں کے بعد اب زندگی معمول پر آگئی ہے۔چھ روز تک جاری رہنے والے احتجاجی مظاہروں میں ایک درجن کے قریب افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ جن میں تین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

سابق سینیٹر مشتاق احمد اسرائیل کی جیل سے رہا ہونے کے بعد اردن پہنچ گئے ہیں۔یاد رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ روز گلوبل صمود فلوٹیلا کے مزید 131 ارکان ڈی پورٹ کیا جن میں مشتاق احمد بھی شامل تھے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں مشتاق احمد نے کہا کہ 150 ساتھیوں کے ساتھ اردن پہنچ چکا ہوں، انہون نے کہا کہ 5 دن اسرائیل کے ایک صحرا میں واقع بدنام زمانہ نیگیوڈیزرٹ جیل میں رہے، اس دوران ہمارے ہاتھ پیچھے باندھے گئے، آنکھون پر پٹیاں اور پاؤں میں بیڑیاں ڈالی گئیں۔
بشکریہ: اصغرحیات۔ پاکستان






