بہت سے خاندانوں کے لیے حج کی تیاری میں برسوں کی بچت، منصوبہ بندی اور قربانیاں شامل ہوتی ہیں۔آسٹریلیا سے حج پیکجز کی قیمتوں میں حالیہ برسوں کے دوران نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ رجسٹرڈ ٹریول ایڈوائزری گروپس کے مطابق رہائش، پروازوں اور مقدس مقامات سے فاصلے کے لحاظ سے فی شخص پیکجز کی قیمت تقریباً $13,000 سے $35,000 تک سمجھی جاتی ہے، جبکہ خاندانوں کے ایک ساتھ سفر کرنے پر اخراجات مزید بڑھ جاتے ہیں۔
ہر سال تقریباً 1,500 سے 2,000 آسٹریلین مسلمان مکہ مکرمہ میں حج کی ادائیگی کے لیے جاتے ہیں۔ اگرچہ سعودی عرب کے سرکاری کوٹہ سسٹم کے تحت آسٹریلیا کو مسلم آبادی کے تناسب سے تقریباً 800 نشستیں ملتی ہیں، تاہم دیگر ممالک کی غیر استعمال شدہ نشستیں اور اضافی کوٹہ عالمی بکنگ پلیٹ فارمز کے ذریعے دوبارہ تقسیم کیا جاتا ہے، جس کے باعث ہر سال مزید آسٹریلین مسلمانوں کو حج کا موقع مل جاتا ہے۔کمیونٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ رسائی میں اضافے کے باوجود سفر، رہائش اور بکنگ کے بڑھتے ہوئے اخراجات نے بہت سے خاندانوں کے لیے حج کو مالی طور پر مشکل بنا دیا ہے۔
انڈسٹری سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ رہائش، ٹرانسپورٹ، عملے اور ایندھن سمیت آپریشنل اخراجات میں مجموعی اضافے کا بوجھ بالآخر عازمینِ حج کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔




