فٹبال کا سیزن ہو اور پاکستان میں فیفا ورلڈکپ کے دوران لیاری کا ذکر نہ یہ ممکن نہیں، ہر سال کی طرح اس بار بھی روائیتی طور پر کراچی کے علاقے لیاری میں فیفا ورلڈ کپ کے حوالے سے گہماگہمی ہے، ٹیموں کے جھنڈے اور فٹبالرز کی تصویروں سے رنگی دیواریں, میچ دیکھنے کے انتظامات اور سجاوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ فٹبال لیاری کا جنون ہے۔ جانتے ہیں کہ احسان خان اور مزمل آصف نے لیاری میں کیا ماحول دیکھا۔
لیاری، کراچی کا وہ علاقہ ہے جہاں فٹبال صرف ایک کھیل نہیں بلکہ شناخت، جذبہ اور تہوار کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔ فیفا ورلڈ کپ کا سیزن شروع ہوتے ہی تنگ و پیچیدہ گلیاں رنگ برنگے جھنڈوں سے سج جاتی ہیں، دیواریں عالمی فٹبال ستاروں کی تصاویر اور پسندیدہ ٹیموں کے رنگوں سے آراستہ ہو جاتی ہیں، جبکہ محلوں میں بڑی اسکرینوں اور اجتماعی میچ دیکھنے کے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔ اپنی کوئی ٹیم ورلڈ کپ میں نہ ہونے کے باوجود، "منی برازیل" کہلانے والا لیاری ہر چار سال بعد دنیا کے سب سے بڑے فٹبال میلے کو اپنے منفرد انداز میں مناتا ہے، جہاں فٹبال نسل در نسل منتقل ہونے والا جنون بن چکا ہے۔
رپورٹنگ: احسان خان اور مزمل آصف (پاکستان)





