جنوب مشرقی آسٹریلیا کے اندرونی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیش گوئی ہے، جبکہ ساحلی شہروں میں ریکارڈ توڑ درجۂ حرارت کے بعد عارضی طور پر گرمی میں کمی آئی ہے۔
گزشتہ دنوں ساؤتھ آسٹریلیا اور وکٹوریہ کو متاثر کرنے کے بعد، آج نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ کے کچھ حصوں میں شدید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے باعث ایک اور دن آتش زدگی کے خطرات اور جھلسا دینے والے موسم کا سلسلہ جاری رہے گا۔
سابق وزیرِاعظم اسکاٹ موریسن نے ایسے خطیبوں کی نشاندہی میں مدد کے لیے ایک منظوری کے عمل کا مطالبہ کیا ہے جو نفرت انگیزی اور اسلامی مذہبی تعلیمات کی مسخ شدہ تشریحات کو فروغ دیتے ہیں۔
انہوں نے یہ بات یروشلم میں عالمی یومِ یادگارِ ہولوکاسٹ کے موقع پر ایک یہود مخالف تعصب سے متعلق کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔ مسٹر موریسن کا کہنا ہے کہ بونڈی دہشت گرد حملے کے بعد یہود مخالف تعصب کے ردعمل میں ایسا طریقۂ کار شامل ہونا چاہیے جس کے تحت مسلم رہنما خطابت کا لائسنس جاری کریں اور مذہبی تعلیمات کا انگریزی زبان میں ترجمہ کریں۔
انہوں نے ریڈیو ٹو جی بی کو بتایا کہ اینگلیکن، کیتھولک اور یہودی خطیبوں کے لیے پہلے ہی منظوری کا نظام موجود ہے اور ان کے خیال میں اس تصور کو وسعت دینا مناسب ہوگا۔
آسٹریلیا کنسیومر پرائیس انڈیش یا سی پی آئی میں دسمبر دو ہزار پچیس تک کے بارہ ماہ میں تین اعشاریہ آٹھ فیصد اضافہ ہوا ہے، جو نومبر دو ہزار پچیس تک کے بارہ ماہ میں تین اعشاریہ چار فیصد اضافے سے زیادہ ہے۔ آسٹریلین ادارۂ شماریات کے مطابق گزشتہ بارہ ماہ میں سالانہ افراطِ زر میں سب سے بڑا حصہ رہائش، خوراک اور غیر الکوحل مشروبات، اور تفریح و ثقافت کے شعبوں کا رہا۔
بھارت کے مینوفیکچرنگ شعبے نے یورپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے، تاجروں کا کہنا ہے کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ اس معاہدے سے آئندہ برسوں میں برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ بھارت اور یورپی یونین نے منگل ستائیس جنوری کو یہ معاہدہ طے کیا، جسے یورپی کمیشن کی صدر ارسولا فان ڈیر لیین نے “مدر آف آل ڈیلز” قرار دیا۔
قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں بھاری اضافے کا سلسلہ جاری ہے، سونے کی قیمت پانچ ہزار امریکی ڈالر فی اونس سے تجاوز کر گئی۔یہ تاریخی اضافے کا تسلسل ہے کیونکہ سرمایہ کار بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے دوران محفوظ سرمایہ کاری کی طرف جا رہے ہیں، جسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عالمی ٹیرف پالیسیوں میں تبدیلیوں نے مزید ہوا دی ہے۔
اے این زیڈ کے سینئر کموڈٹی اسٹریٹجسٹ ڈینیئل ہائنز نے ایس بی ایس آن دی منی پوڈکاسٹ کو بتایا کہ حالیہ سیاسی غیر یقینی صورتحال نے سرمایہ کاروں کو بے یقینی پائی جاتی ہے دو ہزار پچیس میں سونے کی قیمتوں میں چونسٹھ فیصد اضافہ ہوا۔
ٹینس میں، کوکو گاف کی تیسرا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے کی کوشش آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنلز میں ختم ہو گئی۔
امریکی کھلاڑی کو یوکرین کی ایلینا سویٹولینا نے چھ ایک اور چھ دو سے شکست دی، جو اپنے کیریئر میں پہلی بار میلبورن پارک میں سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔




