- کئی ہفتوں تک اس تجویز کی مخالفت کے بعد، آسٹریلوی وزیراعظم نے اب حملے پر باضابطہ طور پر رائل کمیشن کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ سابق آسٹریلوی ہائی کورٹ جج ورجینیا بیل کو رائل کمشنر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ کمیشن دسمبر میں حملوں کی پہلی برسی تک اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔ تاہم، آسٹریلوی وزیراعظم نے سیون نیٹ ورک کو بتایا کہ انہوں نے عوامی خدشات کو سنجیدگی سے سنا اور معاملات کو درست اور ذمہ دارانہ انداز میں آگے بڑھانے کے لیے وقت لیا۔
- آسٹریلیا کے سائنس دانوں نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے حوالے سے ایک اہم سائنسی پیش رفت کا اعلان کیا ہے۔ آسٹریلوی محققین نے درختوں کی چھال کے اندر موجود نہایت باریک جاندار دریافت کیے ہیں، جو میتھین سمیت مختلف گیسیں جذب کرتے ہیں. میتھین عالمی حدت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ سمجھی جاتی ہے۔
- یورپی یونین کا کہنا ہے کہ غزہ میں انسانی صورتحال بدستور نہایت سنگین ہے، اور اس کی ذمہ داری وہاں جاری تنازع کے دونوں فریقوں پر عائد ہوتی ہے۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالاس نے قاہرہ میں اپنے مصری ہم منصب بدر عبدالعاطی سے ملاقات کی، جہاں غزہ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
- ایران میں جاری احتجاج کے دوران حکام نے انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سروسز پر سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ انٹرنیٹ کی نگرانی کرنے والی تنظیم نیٹ بلاکس کے مطابق مغربی صوبے کرمانشاہ میں ایران کے مرکزی انٹرنیٹ فراہم کنندہ کی سروس مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے، جبکہ ملک کے دیگر حصوں سے بھی محدود رسائی کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
- امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ ڈنمارک گرین لینڈ کے تحفظ میں ناکام رہا ہے، اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آرکٹک خطے میں امریکی مفادات کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے پر تیار ہیں۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کا ارادہ فوجی طاقت کے استعمال کے بجائے بالآخر گرین لینڈ کو خریدنے کا ہے۔
- سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر آسٹریلیا نے ایشز سیریز چار ایک سے اپنے نام کر لی ہے، یہ مسلسل چوتھی ایشز سیریز ہے جو آسٹریلیا میں کھیلی گئی، جس میں میزبان ٹیم نے کم از کم چار ٹیسٹ جیتے ہیں۔ آسٹریلوی بلے باز ٹریوس ہیڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جنہوں نے پہلی اننگز میں سیریز کی اپنی چوتھی سنچری اسکور کی۔
_______________
جانئے کس طرح ایس بی ایس اردو کے مرکزی صفحے کو بُک مارک کریں ہر بدھ اور جمعہ کا پورا پروگرام اس لنک پرسنئے, اردو پرگرام سننے کے دیگر طریقے, “SBS Audio”کےنام سےموجود ہماری موبائیل ایپ ایپیل (آئی فون) یااینڈرائیڈ , ڈیوائیسزپرانسٹال کیجئے












