اپوزیشن لیڈر سُوسن لے نے کہا ہے کہ کولیشن اتحاد اب بھی مضبوط اور قابل عمل ہے، حالانکہ اس ہفتے نیشنل پارٹی نے باضابطہ طور پر لبرل پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔
نیشنل پارٹی کے رہنما ڈیوڈ لٹل پراؤڈ نے اپوزیشن لیڈر سُوسن لے کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کولیشن تحلیل ہو چکی ہے، کیونکہ سوسن لے نے مشترکہ اجلاس منسوخ کیے اور نئی قانون سازی پر پارٹی کے تحفظات کو نظر انداز کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ مزید یورپی ممالک — جیسے اٹلی اور پولینڈ — کو غزہ کے لیے بورڈ آف پیس میں شامل کرنے کے لیے تیار ہیں۔ سات ممالک، جن میں سعودی عرب، ترکیہ اور مصر شامل ہیں، نے اس بورڈ میں شمولیت کی دعوت قبول کی ہے، اور مستقل رکنیت کے لیے 1.5 ارب آسٹریلوی ڈالر (1 ارب امریکی ڈالر) کی فیس مقرر کی گئی ہے۔
اسلاموفوبیا رجسٹر آسٹریلیا نے لیکیمبا مسجد کے امام کو بھیجے گئے نفرت انگیز اور تشدد آمیز خط کی شدید مذمت کی ہے۔ خط میں متعدد کمیونٹیز کے خلاف قتل کی دھمکیاں دی گئی ہیں اور آسٹریلیا ڈے کے موقع پر منظم حملوں، توڑ پھوڑ اور اغوا کی کال شامل ہے۔
آسٹریلیا کی جنوب مشرقی ریاستیں اس ہفتے کے اختتام پر متوقع طویل اور شدید ہیٹ ویو کی تیاری کر رہی ہیں۔ بیورو آف میٹرولوجی کے مطابق کچھ اندرونی علاقوں میں درجہ حرارت مسلسل کئی دنوں تک 40 ڈگری سے تجاوز کر سکتا ہے، جبکہ وکٹوریہ کے بعض حصوں میں 48 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا امکان ہے۔
آسٹریلیا کے 53 کھلاڑی میلان و کورٹینا ونٹر اولمپک گیمز میں ملک کی نمائندگی کریں گے، جن میں سے آدھے کھلاڑی اپنے اولمپک کیریئر کا آغاز کر رہے ہیں۔ یہ ٹیم آسٹریلیا کے لیے خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت اور نوجوان صلاحیتوں کا مظہر ہے، اور امید ہے کہ ملک کے لیے بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔



