کراچی کے معروف شاپنگ مال ’گل پلازہ‘ میں لگنے والی خوفناک آگ کے باعث پورا ملک سوگوار ہے، دہائیوں کی بدترین آگ کے نتیجے میں اب تک 27 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ 81 افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کا عمل جاری ہے جبکہ اس خوفناک آگ کے باعث پلازہ میں موجود 1200 دکانیں جل کر خاکستر ہوگئی ہیں، جس سے دکانداروں کے اربوں روپے کے نقصان کا اندازہ لگایا جارہا ہے
شہر قائد میں یہ بدترین آگ اُس وقت لگی جب گزشتہ ہفتے کی شب مارکیٹ بند ہونے کا وقت قریب تھا، بیسمنٹ میں پھولوں کی دکان میں لگنی والی اس آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے پلازہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اس دوران شہر بھر سے شاپنگ کیلئے پلازہ میں آئے افراد، فیمیلز بھی پھنس گئیں، اچانک بجلی کی بندش اور افراتفری کے عالم میں کسی کو باہر جانے کا راستہ ملا تو کوئی دھواں بھر جانے اور آگ کی شدت بڑھنے کے باعث اندر ہی پھنس کر رہ گیا اور آگ کا ایندھن بنتا چلا گیا۔ تین دن گزرنے کے باوجود تاحال 27 افراد کی لاشیں ہی نکالی جا سکی ہیں جن میں بیشر ناقابل شناخت ہیں، جبکہ 81 افراد اب بھی ملبے تلے پھنسے ہوئے جنھیں نکالنے کیلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ایس بی ایس اردو کیلئے یہ رپورٹ پاکستان سے احسان خان نے پیش کی۔





