ایشیا کپ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں تین بار شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کی نگرانی سخت کر دی ہے ۔ پی سی بی نے کھلاڑیوں کے غیر ملکی لیگز کے لیے این او سی کی معطلی کے احکامات جاری کر دیے ہیں ۔ این او سی کی معطلی کی وجہ سے پاکستان کے ٹاپ کرکٹرز کا آسٹریلین بگ بیش لیگ کرکٹ معاہدہ متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ اس سال بابر اعظم ،شاہین آفریدی ،محمد رضوان، حارث رؤف سمیت دیگر کھلاڑیوں کی آسٹریلین بگ بیش لیگ میں شمولیت متوقع ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کا تاج اپنے سر سجانے کے باوجود تاحال ٹرافی سے محروم ہے ۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کا ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی لینے کے انکار پر اختتامی تقریب ٹرافی دیے بغیر ختم ہوئی دوسری طرف محسن نقوی نے کہا کہ وہ ٹرافی دینے کے لیے گراؤنڈ میں موجودتھے مگر بھارتی کرکٹ ٹیم کے اس رویے کی وجہ سے اختتامی تقریب تاخیر کا شکارہو رہی تھی جس کے بعد منتظمین نے میدان میں رکھی ٹرافی کو واپس کمرے میں پہنچا دیا تھا۔

پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے مطابق ٹیم سی آئی ایس گیمز میں شرکت کے لیے آذربائیجان میں موجود ہے ،ٹیم میں شامل کھلاڑی ایشیائی گولڈ میڈلسٹ حسن علی 71 کلوگرام کیٹگری میں آج اپنا مقابلہ کھیلیں گے اور ریسلر عبدالرحمن 65 کلو گرام کیٹگری میں 4 اکتوبر کو میٹ پر اتریں گے پاکستان ریسلنگ فیڈریشن نے بتایا ہے کہ کھلاڑیوں نے دو ماہ اسپیشل ٹریننگ کی جس کا ضرور فائدہ ہو گا

(ایس بی ایس اردو کیلیے یہ رپورٹ پاکستان سے محمد حافظ بلال نے پیش کی ہے)













